پنجاب کے مختلف دریاؤں میں نچلے اور درمیانے درجے کا سیلاب، عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

پنجاب کے مختلف دریاؤں میں نچلے اور درمیانے درجے کا سیلاب، عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

ویب ڈیسک: دریائے سندھ میں چشمہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب جبکہ تربیلا، کالا باغ اور تونسہ بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ بیراج پر پانی کے بہاؤ میں کمی اور ہیڈ خانکی پر بہاؤ میں اضافے کے ساتھ نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے، جبکہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور بہاؤ 64 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔دریائے راوی کے نالہ بین شکر گڑھ میں بہاؤ مستحکم ہے اور نچلے درجے کی سیلابی سطح برقرار ہے۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے اہم پہاڑی برساتی نالوں میں اس وقت کوئی بہاؤ موجود نہیں۔ڈیموں کی صورتحال کے مطابق تربیلا ڈیم 96 فیصد اور منگلا ڈیم 67 فیصد بھر چکا ہے۔ تربیلا کا موجودہ لیول 1546.50 فٹ اور منگلا ڈیم کا 1209.35 فٹ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود افراد فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور ہنگامی انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سیلابی صورتحال میں دریاؤں، نہروں، ندی نالوں اور تالابوں میں نہانے سے اجتناب کریں اور دریاؤں کے کناروں پر سیر و تفریح سے گریز کریں، جبکہ بچوں کو ان علاقوں کے قریب نہ جانے دیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ادارے کی اولین ذمہ داری ہے۔