ویب ڈیسک: جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انجری کا شکار ہونے والے قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کی انجری کا تفصیل سامنے آئی ہے۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے جا رہے میچ میں شارٹ تھرڈ مین باؤنڈری کے قریب گیند کا پیچھا کرتے ہوئے صائم ایوب کا دائیں ٹخنہ مڑ گیا، جس کی وجہ سے وہ انجری کا شکار ہوئے۔انجری کی صورت میں اوپنر کو فوری طور پر دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر کر دیا گیا اور انہیں اسپتال منتقل کرکے اسکین کرایا گیا۔ مزید مشاورت کے لیے برطانوی ماہرین کی خدمات لی جائیں گی تاکہ انجری کی نوعیت کا مزید جائزہ لیا جا سکے۔ تاہم، ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ صائم ایوب کرکٹ سے کتنے عرصے تک دور رہیں گے۔ماہر ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر صائم ایوب کے ٹخنے میں کوئی فریکچر یا سوجن نہیں آئی اور صرف مڑنے کی انجری ہے تو وہ 4 سے 6 ہفتے میں مکمل طور پر صحت یاب ہو سکتے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاری:
چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شریک ٹیموں کو اپنے 15 رکنی اسکواڈ کی فہرست آئی سی سی میں جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 جنوری 2025 ہے۔ تمام کرکٹ بورڈز کو اس کے بعد حتمی کھلاڑیوں کے نام 12 فروری تک جمع کرانے ہوں گے۔