جنوبی کوریا : حکام صدر یون سوک یول کو گرفتار کرنے میں ناکام

  آرمی چیف سمیت گرفتار 2فوجی افسران پر بغاوت کے الزامات کے تحت فرد جرم عائد کردیا گیا
  سئیول (آئی این پی )جنوبی کوریا کے صدر یون سوک یول کو گرفتار کرنے کی غرض سے متعلقہ حکام ان کی رہائش گاہ میں داخل ہو گئے تاہم وہاں موجود سکیورٹی فورسز نے انہیں اندر داخل ہونے سے روک دیا جبکہ آرمی چیف سمیت گرفتار 2فوجی افسران پر بغاوت کے الزامات کے تحت فرد جرم عائد کردی گئی ۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یون سوک یول جن کے صدارتی اختیارات پہلے ہی معطل ہو چکے ہیں، وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد ہونے کی صورت میں یون سوک یول جنوبی کوریا کی تاریخ میں گرفتار ہونے والے پہلے صدر ہوں گے۔صدر یون سوک یول کو 3 دسمبر کو مارشل لاء نافذ کرنے پر قید یا پھر سزائے موت سنائی جا سکتی ہے۔ اس اقدام کی تحقیقات کرنے والے کرپشن انویسٹی گیشن آفس نے کہا ہے کہ صدر یون سوک یول کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دئیے گئے ہیں۔