کرم میں آج زمینی راستہ کھول دیا جائیگا: بیرسٹر سیف

 اسلحے کی آزادانہ نمائش و استعمال پر پابندی ،علاقے میں موجود بنکرز ایک مہینے کے اندر اندر ختم کیے جا ئیں 
 بنکرز کی مسماری کے بعد جو فریق لشکر کشی کریں گے، دہشت گرد سمجھ کر کارروائی کی جائے گی،مشیراطلاعات
پشاور (آئی این پی )خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ضلع کرم کے معاملے پر فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط کے بعد  آج ہفتہ کو زمینی راستہ کھول دیا جائے گا۔ اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ آج ہفتہ کو جانے والے کانوائے کے سفری اور حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اپیکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں علاقے کو اسلحہ اور بنکرز سے پاک کیا جائے گا، معاہدہ کے مطابق اسلحہ جمع کرنے کے لیے دونوں فریقین 15 دن کے اندر اندر مربوط لائحہ عمل دیں گے، اسلحے کے آزادانہ نمائش و استعمال پر پابندی ہوگی،اسلحہ خریدنے کے لیے چندہ جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔بیرسٹر سیف نے مزید بتایا کہ کہ معاہدے کے مطابق فریقین کے ہر قسم کے بنکرز کی تعمیر پر پابندی ہوگی، علاقے میں پہلے سے موجود بنکرز ایک مہینے کے اندر اندر ختم کیے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بنکرز کی مسماری کے بعد جو بھی فریق لشکر کشی کریں گے، انہیںدہشت گرد سمجھ کر کارروائی کی جائے گی۔