وزیراعظم اور وزیر خزانہ ایک پیج پر نظر نہیں آتے، حکومت دعوئوں کے بجائے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے
پشاور(آئی این پی) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ کے اعترافی بیان نے حکومت کے دعوئوں کا پول کھول دیا۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے مہنگائی کے بے قابو ہونے اور ایف بی آر میں کرپشن کا اعتراف کیا ہے، محمد اورنگزیب نے حکومت کے دعوئوں کی حقیقت عوام کے سامنے رکھ دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ایک پیج پر نظر نہیں آتے،جس سے حکومت کی ناتجربہ کاری اور اندرونی خلفشار واضح ہو گیا ہے۔ حکومت دعوئوں کے بجائے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اب کم از کم شہباز شریف کی آواز کو موبائل کی رنگ ٹون سے ہٹا دینا چاہیے، کیونکہ عوام اس آواز سے اتنے تنگ آ چکے ہیں کہ انہوں نے ایک دوسرے کو کال کرنا بھی چھوڑ دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مارکیٹوں میں خریداری جب شہباز شریف کی رنگ ٹون بجتی ہے تو لوگ غصے میں آ جاتے ہیں۔بیرسٹر سیف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومت اور اس کے کھوکھلے دعوے اب مزید نہیں چلیں گے، عوام کو حقیقی ریلیف کی ضرورت ہے، نہ کہ طفل تسلیوں اور دکھاوے پر مبنی بیانات کی