ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار، استور میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری تک پہنچ گیا
بلوچستان کے پاک افغان شمال سرحدی علاقوں میں موسلادھار بارش ‘ نشیبی علاقے زیرآب آگئے
اسلام آباد‘کوئٹہ (آئی این پی)دس سال بعد 2024 کا دسمبر خشک اور سرد ترین قرار دیدیا گیا، محکمہ موسمیات نے ماہانہ رپورٹ جاری کردی۔ چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق گزشتہ برس دسمبر میں بارشیں نہ ہونے سے شہریوں کو خشک موسم کا سامنا کرنا پڑا۔دسمبر میں سرد اور خشک موسم کا دس سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 2024 میں ملک بھر کیلئے دسمبر خشک ترین رہا،دریں اثناء ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ استور میں درجہ حرارت منفی 3 ریکارڈ کیا گیا ۔ بین الاقوامی موسمیاتی ویب سائٹ کے مطابق صبح سویرے استور میں درجہ حرارت منفی 3، اسکردو میں منفی 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔فیصل آباد 5، سیالکوٹ 6، راولپنڈی 7، ملتان 8، لاہور میں 9 جبکہ کراچی میں درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ ادھر بالائی علاقوں میں سال نو کی پہلی برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔دیر بالا کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ، لواری ٹنل، کمراٹ، ڈوگ درہ سمیت پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔بلوچستان کے پاک افغان شمال سرحدی علاقوں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے اور ندی نالے زیرآب آگئے۔