راولپنڈی میں سینٹرل جیل اڈیالہ کے قریب بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن کے قریب ایک مسلح شخص کی موجودگی سامنے آئی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔
تھانہ صدر بیرونی راولپنڈی پولیس نے ملزم کے خلاف ناجائز اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے مشکوک شخص کو دیکھا، جس نے اپنا نام عارف بتایا اور کہا کہ وہ ملتان کا رہائشی ہے۔ملزم کی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 30 بور پستول اور 4 گولیاں برآمد ہوئیں، جبکہ کوئی لائسنس یا اجازت نامہ موجود نہیں تھا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون بھی برآمد کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔