مریم اورنگزیب نے رات گئے اندرونِ شہر کا دورہ کر کے بسنت انتظامات کا جائزہ لیا

مریم اورنگزیب نے رات گئے اندرونِ شہر کا دورہ کر کے بسنت انتظامات کا جائزہ لیا

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بسنت فیسٹیول کے دوران لاہور کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ بسنت سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں، اور اسے محفوظ و منظم بنانے کے لیے پوری حکومتی مشینری متحرک ہے۔

تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے رات گئے اندرونِ شہر کا دورہ کیا اور موچی گیٹ سمیت دیگر گنجان آباد علاقوں میں بسنت کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے بازاروں میں کیو آر کوڈڈ پتنگوں کے سائز اور چرخی کے بغیر کیو آر کوڈڈ ڈور کا بھی موقع پر جائزہ لیا۔سینئر وزیر نے ایس او پیز کی پاسداری اور حکومتی اقدامات کی جانچ پڑتال کے لیے شہریوں اور دکانداروں سے براہِ راست گفتگو کی۔ شہریوں نے 25 سال بعد بسنت فیسٹیول کی بحالی پر بھرپور خوشی اور حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔مریم اورنگزیب نے محکمہ ہوم، پولیس، ٹریفک پولیس، ٹرانسپورٹ اور ریسکیو 1122 کو ہدایت دی کہ بسنت کے دوران ٹریفک روٹس اور متبادل راستوں کی مؤثر منصوبہ بندی کی جائے، اور موقع پر تمام سکیورٹی انتظامات اور دیے گئے ٹاسک کا جائزہ لیا گیا۔

سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود ایک ایک انتظام کی نگرانی کر رہی ہیں، اور بسنت کو ہر لحاظ سے محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بسنت کے موقع پر:

519 بسیں، 60 ہزار رکشے، میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین مفت سروس فراہم کریں گے
سیفٹی راڈ کے بغیر موٹر سائیکل سڑک پر نہیں آنے دیں گے
مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ بسنت کو شہریوں کے لیے خوشیوں بھرا، محفوظ اور منظم تہوار بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔