دہشت گردوں کو کوئی بھی برداشت نہیں کر سکتا ، ان کے خلاف قومی سطح پر اقدامات کرنا ناگزیر ہے
وزیراعظم اور وزیراعلی کی حالیہ ملاقات خوش آئند ، برف پگھلی ہے یا نہیںکچھ کہنا قبل ازوقت ہے
بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج پمز کی رپورٹ سے مطمئن نہیں، سمجھتے ہیں کہ رپورٹ میں غلطی ہے
اسلام آباد(آئی این پی )پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ 8 فروری کی کال اسی طرح برقرارہے، 8 فروری کو کسی مخصوص جگہ نہیں بلکہ ہرجگہ احتجاج ہوگا۔ سینیٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو اس ملک میں کوئی بھی برداشت نہیں کر سکتا اور ان کے خلاف قومی سطح پر اقدامات کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے وزیراعظم اور وزیراعلی خیبرپختونخوا کی حالیہ ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی صرف قومی معاملات پر بات چیت ہوئی ہے اور کوئی شرائط مقرر نہیں کی گئیں تاہم برف پگھلی ہے یا نہیں اس حوالے سے کچھ کہنا قبل ازوقت ہے۔سینیٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ جو لوگ دوسرے ممالک کے احکامات پر دہشت گردی کر رہے ہیں، انہیں ختم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کی بات چیت سے یہ معلوم ہوگا کہ ملاقات میں کون سے قومی امور زیرِ بحث آئے۔رہنما پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ 8 فروری کی کال اسی طرح برقرار ہے اور اس دن کسی مخصوص جگہ نہیں بلکہ ہر جگہ احتجاج ہوگا۔علی ظفر نے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کہا کہ ان کے ذاتی معالج پمز کی رپورٹ سے مطمئن نہیں ہیں اور سمجھتے ہیں کہ رپورٹ میں غلطی ہے۔