لاہورسمیت پنجاب میں بارش کاامکان

لاہور (خصوصی رپورٹ)محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24گھنٹے کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے شمال مشرقی و بالائی علاقوں میں بارش جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہائوالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، قصوراور سرگودھا میں آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ڑالہ باری بھی متوقع ہے۔ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران شمال مشرقی،وسطی و جنوبی علاقوں میں بارش اور ڑالہ باری ہوئی ، دیگر علاقوں میں موسم گرم رہا۔ بالائی علاقوں میں خراب موسم کی وجہ سے سکردو اور گلگت کی 12 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد سے گلگت کی 4 پروازیں پی کے 601، 602، 603، 604 منسوخ کی گئیں۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد سے سکردو پی آئی اے کی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اسلام آباد سے سکردو کی نجی ایئر لائن کی 2 پروازیں پی اے 251، 252 تاخیر کے بعد منسوخ کر دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق شدید موسمی خرابی سے متوقع طور پر کل بھی بالائی علاقوں کا فلائٹ شیڈول متاثر ہو گا۔ موسمی خرابی اور آپریشنل مسائل پراسلام آباد کی 22 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ سکردو میں بارش اور برفباری سے موسم انتہائی ناخوشگوار ہے۔