تاجکستان کی ایک جیل میں فرار ہونے کی کوشش کے دوران پانچ قیدی ہلاک ہوگئے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے قیدی داعش سے تعلق رکھتے تھے۔ وزارتِ انصاف کے مطابق، 9 قیدیوں نے جیل کے گارڈز پر چاقو سے حملہ کیا تھا، جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی۔سیکیورٹی ایجنسی کے ذرائع کے مطابق، اس واقعے میں پانچ قیدی ہلاک ہوئے، جبکہ تین جیل اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاجکستان میں یہ واقعہ ایک سنگین جیل بغاوت کے طور پر سامنے آیا ہے، جس میں داعش کے قیدیوں کی ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں۔حکام نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور اس بات کی جانچ کی جا رہی ہے کہ قیدیوں کو کس طرح یہ حملہ کرنے کا موقع ملا اور آیا یہ جیل کی سیکیورٹی کی ناکامی تھی یا کسی اور وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔