افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک چینی ریسٹورنٹ میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک چینی شہری اور 6 افغان شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔دھماکہ ریسٹورنٹ کے کچن کے قریب ہوا، جسے چینی نژاد مسلمان عبدالماجد اور افغان شریک عبدالجبار مل کر چلاتے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ ریسٹورنٹ کابل کے تجارتی علاقے شہرِ نو میں واقع تھا، جو شہر کے محفوظ ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔داعش (ISIS) کی افغان شاخ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خودکش بمبار نے انجام دیا۔ گروپ نے اپنے بیان میں چینی شہریوں کو اپنے اہداف میں شامل کرنے کی وجہ چین کی جانب سے اویغور مسلمانوں کے خلاف مظالم قرار دی۔عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں بیجنگ پر اویغور مسلم اقلیت کے خلاف وسیع پیمانے پر زیادتیوں کا الزام عائد کرتی رہی ہیں، تاہم چین ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔