صدر مملکت آصف علی زرداری آج چار روزہ سرکاری دورے پر عوامی جمہوریہ چین روانہ ہو رہے ہیں۔
یہ دورہ چینی صدر شی جن پنگ کی خصوصی دعوت پر 4 سے 8 فروری 2025 تک ہوگا۔دورے کے دوران، صدر زرداری بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی چیانگ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں اقتصادی، تجارتی اور سیکیورٹی تعاون، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں، انسداد دہشت گردی، اور خطے میں امن و استحکام جیسے امور پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔اس کے علاوہ، عالمی اور علاقائی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
چینی حکومت کی خصوصی دعوت پر، صدر آصف علی زرداری چین کے صوبے ہیلونگ جیانگ کے شہر ہاربن میں منعقد ہونے والے نویں ایشیائی سرمائی کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی چین روانہ ہوگا، جس میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وزیر داخلہ محسن نقوی شامل ہیں۔