پی آئی اے کی نجکاری کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کی نجکاری کیلئے بھی  ٹائم لائن طلب 
 اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی حکومت نے قومی ایئر لائن کی نجکاری کا عمل نئے سرے سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ رواں ماہ اظہار دلچسپی کی درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ آئی ایم ایف سے پی آئی اے کے علاوہ  دیگر ائیرلائنز کو جہازوں پر ٹیکس چھوٹ دینے کی بھی اجازت مل گئی۔نجکاری کمیٹی نے فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کی نجکاری کیلئے بھی  ٹائم لائن طلب کرلی۔یہ باتیں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ نے بریفنگ  دیتے ہوئے بتائیں ۔انہوں نے بتایا کہ قومی ایئر لائن کی ازسر نو نجکاری کا عمل شروع کرنے کیلئے رواں ماہ اظہار دلچسپی کی درخواستیں طلب کی جا سکتی ہیں۔ حتمی فیصلہ وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہوگا۔چیئرمین کمیٹی فاروق ستار نے پی آئی اے کے ملازمین کو 5 سال تحفظ دینے پر زور دیا۔ جس پر سیکرٹری نجکاری کمیشن نے بتایا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملازمین کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کیا جائے۔ بڈنگ سے پہلے اس پر حتمی بات چیت کی جائے گی