لیسکو کی نجکاری کا عمل شروع، مالی معاملات سمیت تمام ریکارڈطلب

جنرل سیلز ٹیکس کی مد میں ایف بی آر کے ذمہ واجب الادا واجبات کی تفصیلات بھی طلب کر لی  گئیں
 اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی حکومت نے لیسکو کی نجکاری کرنے کے  عمل کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ وزارت پاور ڈویژن نے لیسکو سے مالی معاملات سمیت دیگر امور کا ریکارڈ طلب کر لیا ، پی پی ایم سی کو ریکارڈ پرائیویٹائزیشن کمیشن میں جمع کروانے کا مراسلہ بھجوا دیا گیاہے۔وزارت پاور ڈویژن نے پی پی ایم سی کو مراسلہ بھجوا کر لیسکو کا فنانشل ریکارڈ طلب کیا ہے،اس کے علاوہ وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے سبسڈی کی مد میں واجب الادا واجبات کا ریکارڈبھی مانگ لیا گیاہے،جنرل سیلز ٹیکس کی مد میں ایف بی آر کے ذمہ واجب الادا واجبات کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئی ہیں۔لیسکو میں سرکلر ڈیٹ کی بنیاد بننے والے واجب الادا بلز کا ریکارڈ ،تقسیم کار کمپنیوں کے درمیان مالی معاملات، قرضہ جات کے واجبات ،بینکوں سے قرض اور اراضی کی لیسکو کو منتقلی کے ریکارڈ کی تفصیلات  بھی مانگ لی گئی ہیں۔