صوبہ پنجاب کے شہر میں شبہہ پولیس مقابلوں میں 4 مبینہ ملزمان ہلاک ہوگئے ہیں۔
واقعہ لاہور کے مختلف علاقوں نشتر اور کاہنہ میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق، سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن کے مقابلے میں نوید بلا اور انجم انجو مارے گئے، جبکہ کاہنہ کے مقابلے میں شاہد شاہدی اور مجاہد حاجی ہلاک ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوئے، اور ان کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ پولیس نے ہلاک شدگان کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ منتقل کر دی ہیں۔
یہ مقابلے رات گئے پیش آئے، اور علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں، اور ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔