لاہور: سی سی ڈی پولیس کے مقابلوں میں 6 ملزمان ہلاک، فرار ملزمان کی تلاش جاری۔

لاہور: سی سی ڈی پولیس کے مقابلوں میں 6 ملزمان ہلاک، فرار ملزمان کی تلاش جاری۔

لاہور میں سی سی ڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں جاری کارروائیوں کے دوران چار مبینہ مقابلوں میں چھ ملزمان کو ہلاک کر دیا ہے۔

 یہ مقابلے نشتر کالونی، گرین ٹاؤن، ہربنس پورہ اور رنگ روڈ کے قریب ہوئے، جن میں پولیس اور ملزمان کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ہلاک ہونے والے ملزمان سنگین جرائم میں ملوث تھے۔پولیس کے مطابق، سی سی ڈی ٹیمیں زیر حراست ملزم علی اسد کو نشاندہی کے لیے گرین ٹاؤن لے گئی تھیں، جہاں ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں علی اسد زخمی ہوا اور اسپتال لے جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔اسی طرح، نشتر کالونی کے قریب مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کے لیے اشارہ کیا گیا، مگر انہوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں دو ملزمان ولی داد اور محسن ہلاک ہو گئے، جبکہ ان کے چار ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

رنگ روڈ کے قریب، ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی، جس پر انہوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو ملزمان قیصر عرف ڈی سی اور رضا ہلاک ہو گئے۔ ہربنس پورہ ریلوے پھاٹک کے قریب مبینہ مقابلے میں، ملزم انس زخمی ہوا اور اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق تمام ہلاک ملزمان پر مختلف تھانوں میں سنگین مقدمات درج تھے۔ ہلاکتوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔