ستھرا پنجاب دنیا کا سب سے بڑا پروگرام امریکی جریدہ

 امریکی جریدے فوربز نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستھرا پنجاب پروگرام کی تعریف کردی، پروگرام کے تحت روزانہ پچاس ہزار ٹن کچرا جمع کیا جاتا ہے
 سڑکیں صاف ، آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئی ۔ ایک لاکھ سے زائد ملازمتیں،پچاس ارب روپے کی مشینری، تیس ہزار گاڑیاں اور ڈیڑھ لاکھ ورکرز شامل ہیں
 لاہور(خصوصی رپورٹ)امریکی جریدے فوربز نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستھرا پنجاب پروگرام کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا یہ منصوبہ اس وقت دنیا کا سب سے بڑا کچرا اٹھانے والا مربوط نظام بن چکا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت روزانہ پچاس ہزار ٹن کچرا جمع کیا جاتا ہے، جس سے نہ صرف سڑکیں صاف ہوئی ہیں بلکہ آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔فوربز کی رپورٹ میں کہنا تھا کہ اس منصوبے کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد ملازمتیں پیدا ہوئیں جبکہ لاکھوں شہریوں کو پہلی بار باقاعدہ کچرا اٹھانے کی سہولت فراہم ہوئی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پروگرام میں پچاس ارب روپے کی مشینری، تیس ہزار گاڑیاں اور ڈیڑھ لاکھ ورکرز شامل ہیں۔ تمام آپریشن اور ادائیگیاں جدید ڈیجیٹل ڈیش بورڈز کے ذریعے مانیٹر کی جا رہی ہیں جبکہ منصوبے کے تحت کچرے سے بجلی بنانے کے منصوبوں پر بھی کام شروع کیا جا رہا ہے