لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم سے ملاقات، کھلاڑیوں کو ایک کروڑ روپے انعام کا چیک پیش
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم سے ملاقات کی اور ان کو ایک کروڑ روپے انعام کا چیک پیش کیا۔ یہ ملاقات پی سی بی کے دفتر میں ہوئی، جہاں پی سی بی نے ٹیم کو ایک کروڑ روپے کا انعام دیا، جبکہ دو کروڑ روپے کے جو اخراجات ہوئے تھے، ان کی ادائیگی بھی چیک کے ذریعے کی گئی۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کی کامیابی کو سراہا اور کہا کہ پی سی بی اپنی ٹیموں کی بہتری کے لیے کم وقت میں بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کا عہد کیا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو بھرپور سپورٹ فراہم کی جائے گی اور کھلاڑیوں کو درکار کسی بھی مدد کے لیے پی سی بی ہمیشہ ان کے ساتھ ہوگا۔محسن نقوی نے اس موقع پر بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی، خاص طور پر اس بات کو سراہا کہ ٹیم نے ایونٹ کے دوران ساتوں میچز جیت کر چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے تمام کھلاڑیوں کے لیے حمایت جاری رکھی جائے گی اور مستقبل میں ہونے والے بڑے ایونٹس میں بھی کامیابی کی امید ہے۔