3دسمبر تک موصول تمام حج درخواستیں منظور ، 7روز کی توسیع

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین نے حج درخواست گزاروں کو بڑی خوشخبری سنا دی، 3 دسمبر تک موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں کامیاب قرار دے دی گئیں۔ وزیر مذہبی امور سالک حسین کے بیان کے مطابق 3دسمبر تک درخواستیں جمع کرانیوالے تمام عازمین بغیر قرعہ اندازی حج پر جائینگے۔ سپانسرشپ سکیم میں موصول ہونے والی تمام حج درخواستیں بھی کامیاب قرار دے دی گئیں۔ اپنے بیان میں وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں 7 دن کی توسیع کر دی گئی ۔ سرکاری حج سکیم میں درخواستیں اب 10 دسمبر تک نامزد بینکوں میں جمع کرائی جا سکیں گی۔ کوٹہ سے زائد درخواستیں موصول ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانی 10 دسمبر تک سپانسرشپ کی رقم لازمی جمع کروا دیں۔ سپانسرشپ سکیم میں موصول درخواست گزاروں کو بلا قرعہ اندازی کامیاب قرار دیا جائے گا۔ وزارت کی ویب سائٹ پر آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے حج درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔ عازمینِ حج کو نئی ہدایات کے لیے پاک حج موبائل ایپ ڈاون لوڈ کر نے کا کہا گیا ہے۔ تاحال سرکاری سکیم کے لیے 63400 سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔سرکاری حج کے لیے 89ہزار 605 کا کوٹہ رکھا گیا تھا جس میں سے 26 ہزارسے زائد ابھی باقی ہے۔درخواستوں کا مرحلہ مکمل ہونے کے فورا ًبعد حج پروازوں کے شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی اور پروازوں کے شیڈول کے مطابق مدینہ منورہ میں رہائش حاصل کی جائیں گی۔ سعودی عرب میں رہائش، خوراک ، ٹرانسپورٹ اور مکاتب کی پروکیورمنٹ مکمل کی جائے گی۔واضح رہے کہ سرکاری حج سکیم کے لیے قرعہ اندازی 6دسمبر کو ہونا تھی۔