بہاولپور:گھر سے میاں بیوی،3بچوں کی لاشیں برآمد

پانچوں کو گولی مار کرقتل کیا گیا:پولیس، 1بچی بیہوشی کی حالت میں بھی ملی 

بہاولپور،لاہور (خصوصی رپورٹ)بہاولپور میں گھر سے میاں بیوی اور 3بچوں کی لاشیں برآمد ،ریسکیو حکام کے مطابق ششماہی نہر روڈ پر رہائشی کالونی کے گھر سے 5 لاشیں ملیں ۔ریسکیو حکام نے بتایا گھر سے ایک بچی بیہوشی کی حالت میں بھی ملی جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق پانچوں افراد کو گولی مارکرقتل کیا گیا۔ قتل ہونے والوں کی شناخت کرلی گئی، مقتولین میں گھر کا سربراہ 40 سالہ کاشف، اہلیہ 36 سالہ عروج اور تین بیٹے15 سالہ جہانزیب، 13 سالہ عبداللہ اور 9 سالہ عبدالوہاب شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کے قریب خون بھی موجود ہے، پانچوں افراد کی موت گولیاں لگنے سے ہوئی ،لاشوں کوہسپتال منتقل اور شواہد جمع کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ایک ہی خاندان کے افراد کی لاشیں دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔ آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہاولپور میں گھر سے 5لاشیں برآمد ہونے کا نوٹس لیکرآرپی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی۔آئی جی نے ڈی پی او بہاولپور کو واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ملزموں جلدگرفتار کرکے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔