جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 38 سالہ آزاد اور 35 سالہ پاکیزہ کے نام سے ہوئی ،بچے محفوظ رہے
داتا دربار موہنی روڈ احمد پارک میںافسوسناک واقعہ،دونوں کی موت دم گھٹنے کے باعث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)داتا دربار کے علاقے موہنی روڈ احمد پارک میں ایک گھر سے میاں بیوی کی لاشیں برآمد ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ ایدھی ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 38 سالہ آزاد حسین اور 35 سالہ پاکیزہ کے نام سے ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں میاں بیوی اپنے گھر میں پراسرار طور پر مردہ پائے گئے جبکہ ان کے دو بچے 8 سالہ خضر عباس اور 6 سالہ حر عباس محفوظ ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں کی موت دم گھٹنے کے باعث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گھر کے اوپر قائم کیمیکل بنانے والے ایک کارخانے کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس اور فرانزک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق کیمیکل کے اخراج کے باعث دم گھٹنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوئے۔ پولیس نے کارخانے کے مالک کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشیں ایدھی رضاکاروں کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔