پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل یسطور الحق ملک لاہور میں انتقال کر گئے۔ وہ 1954 میں پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کرنے کے بعد اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے مختلف مراحل میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔
ایڈمرل یسطور الحق نے 1965 اور 1971 کی پاک بھارت جنگوں میں شرکت کی اور ملکی دفاع میں اپنی خدمات کا بھرپور مظاہرہ کیا۔انہوں نے 1988 سے 1991 تک پاک بحریہ کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیں اور اس دوران پاک بحریہ کی ترقی اور مضبوطی کے لیے اہم اقدامات کیے۔ ان کی قیادت میں بحریہ نے جدید جنگی صلاحیتوں کو بہتر بنایا اور مختلف آپریشنز میں کامیابی حاصل کی۔
ایڈمرل یسطور الحق ملک کی وفات پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی مرحوم کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔ ایڈمرل یسطور الحق ملک کی وفات پر اعلیٰ فوجی و سیاسی شخصیات نے بھی ان کی خدمات کو سراہا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔