پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے عمان کا سرکاری دورہ کیا، جس دوران انہوں نے عمان کے اعلیٰ سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ایڈمرل نوید اشرف نے سلطنت عمان کے شاہی دفتر کے وزیر، کمانڈر رائل نیوی آف عمان اور کمانڈر نیشنل ڈیفنس کالج سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں بحرِ ہند کی سکیورٹی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بحریہ دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر میری ٹائم سکیورٹی کے فروغ کی مضبوط حامی ہے اور بحری قزاقی و سمگلنگ کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان ملاقاتوں میں عمان کے حکام نے پاک بحریہ کی امن و استحکام کے قیام میں کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔
دورے کے دوران ایڈمرل نوید اشرف نے سید بن سلطان نیول بیس، رائل عمان بحریہ کے بحری جہاز، میری ٹائم سکیورٹی سینٹر، نیشنل ڈیفنس کالج، ملٹری ٹیکنیکل کالج اور سلطان قابوس نیول اکیڈمی سمیت عمان کی اہم بحری تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔اس دورے سے دونوں برادر ممالک کے مابین دفاعی تعلقات کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے، اور یہ بات چیت علاقائی سلامتی اور استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی۔