عمران خان کا کہنا ہے جس نے ظلم کیا وہ عدالت میں جواب دے گا، بانی پی ٹی آئی کو شہادتوں کا دکھ ہے
راولپنڈی (آئی این پی ) پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی باہر نکل کر کسی سے انتقام نہیں لیں گے،عمران خان کا کہنا ہے جس نے ظلم کیا وہ عدالت میں جواب دے گا، بانی کو شہادتوں کا دکھ ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ 26نومبر کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بننا اور اس پر تفتیش ہونا چاہیے۔ جس سپریم کورٹ کی طرف ہم دیکھ رہے ہیں اس پر بھی 26ترمیم کا حملہ بھی ہوا ہے۔ میں کہتا ہوں جس نے غلط کیا ہے اس کو سزا دیں۔ احتجاج میں افغانیوں کی شمولیت کا جواب حکومت اور اداروں سے بنتا ہے البتہ ہم کسی غلط آدمی کو ساتھ نہیں لائے۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ڈی چوک یا سنگجانی جانا ہمارا اندرونی معاملہ تھا ہمیں کوئی یہ نہ بتائے۔ ہمارا سوال ہے کہ گولی کیوں چلائی؟ پولیس اور رینجرز کو بھی اون کرتے ہیں وہ بھی ہمارے شہداء ہیں۔ زمین پر خود کو خدا سمجھنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔