سرچ آپریشن کی آڑ میں گھر گھر تلاشی ، خواتین کیساتھ بدتمیزی،بزرگوں بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا
سرینگر(آئی این پی )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ایک اور کشمیر ی نوجوان کو شہید کردیا ۔قابض فوج سرچ آپریشن کی آڑ میں چن چن کر کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنا کر نسل کشی کی مرتکب ہو رہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع سری نگر میں قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا۔گھر گھر تلاشی کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی اور بزرگوں بچوں تک کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔اس دوران قابض بھارتی فوج نے ایک گھر سے نہتے کشمیری نوجوان کو حراست میں لے لیا اور اپنے ہمراہ نامعلوم مقام پر لے گئے۔بعد ازاں کشمیری نوجوان کی تشدد زدہ اور گولیاں لگی لاش ایک سنسان جگہ سے برآمد ہوئی۔ پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔اہل محلہ سڑکوں پر نکل آئے اور جدوجہدِ آزادی کشمیر کے حق کے میں شدید نعرے بازی کی۔