اسرائیلی حملوں میں مزید 11لبنانی شہید، حزب اللہ کی بھی جوابی کارروائیاں

غزہ میں 24گھنٹوں میں مزید 50سے زیادہ فلسطینی شہید ، امدادی قافلوں پر انتہاپسند اسرائیلیوں کے حملے 
 بیروت،غزہ (آئی این پی ) اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے باوجود بھی اسرائیل کے لبنان پر حملے جاری ہیں جب کہ حزب اللہ بھی جوابی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی متعدد خلاف ورزیوں کے بعد حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر جوابی حملہ کیا جس کا جواب اب اسرائیل نے لبنان میں بمباری کی صورت میں دیا۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے لبنان پر کی گئی تازہ بمباری میں 11 لبنانی شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان 60 روزہ جنگ بندی معاہدہ گزشتہ ماہ ہوا تھا جو 27 نومبر سے نافذالعمل ہوا تھا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کے غزہ میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ صیہونی فوج کی جانب سے شمالی غزہ کے محاصرے کو بھی دو ماہ ہو  گئے۔صیہونی فوج نے24 گھنٹوں میں مزید 50 سے زیادہ فلسطینی شہید کر دئیے جبکہ فلسطینیوں کے امدادی قافلوں پر انتہاپسند اسرائیلیوں نے حملے کیے۔اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی نے کرم ابو سالم کراسنگ سے امداد کی ترسیل روک دی ہے۔