خوردنی تیل کے شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے حکومت بھرپور تعاون کریگی: جام کمال

تیل کی درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لیے موثر پالیسی اپنانے کی ضرورت،وفاقی وزیر تجارت کی وفد سے گفتگو
  اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ خوردنی تیل کے شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے حکومت بھرپور تعاون کرے گی،خوردنی تیل  کی درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لیے موثر پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن  کے وفد کے ساتھ ملاقات میں کیا ۔ جام کمال نے خوردنی تیل کی پالیسی کے لیے تجاویز دو سے تین دن میں جمع کرانے کی ہدایت دی۔وزیر تجارت نے انڈونیشیا اور ملائیشیا کے ساتھ ڈیوٹی میں کمی کے لیے مذاکرات کی یقین دہانی کرائی۔ جام کمال خان نے کہا کہ چاول کی بھوسی سے تیل نکالنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے،خوردنی تیل کے شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل کی درآمدات میں استحکام کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں گے، خوردنی تیل کی صنعت کو درپیش چیلنجز پر حکومت توجہ دے رہی ہے۔وزیر تجارت نے پی وی ایم اے کو عالمی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی برآمد بڑھانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔