تمام شعبے پاکستان کی مکمل تجارتی صلاحیت کو استعمال کرنے کے لیے ہم آہنگی سے کام کریں ،وفاقی وزیرتجارت
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہماری معیشت کی کامیابی کا انحصار مضبوط برآمدی بنیاد پر ہے،تمام شعبے پاکستان کی مکمل تجارتی صلاحیت کو استعمال کرنے کے لیے ہم آہنگی سے کام کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے سہ ماہی تجارتی اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر تجارت کو اجلاس میں بین الاقوامی تجارت کے تازہ ترین رجحانات اور برآمدات کو بڑھانے کے لیے وضع کی جانے والی حکمت عملیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ کامرس افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے جام کمال نے وزیر اعظم شہباز شریف کے برآمدات پر مبنی ترقی کی حکمت عملی کے وژن کو آگے بڑھانے میں وزارت تجارت کے مرکزی کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت کی کامیابی کا انحصار مضبوط برآمدی بنیاد پر ہے۔ یہ تمام سٹیک ہولڈرز بشمول صوبوں اور متعلقہ محکموں سے سنجیدہ عزم اور تعاون پر مبنی کوششوں کا مطالبہ کرتا ہے۔ جام کمال نے برآمدات کی قیادت میں ترقی کی حکمت عملی کو سنجیدگی کے ساتھ انجام دینے کی اہمیت کا اعادہ کیا، تمام شعبوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی مکمل تجارتی صلاحیت کو استعمال کرنے کے لیے ہم آہنگی سے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عالمی سطح پر اپنے مارکیٹ شیئر کو بڑھانے کے لیے فیصلہ کن طور پر کام کرنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہماری برآمدات معاشی ترقی کا محرک بنیں۔اجلاس میں تجارتی رکاوٹوں پر قابو پانے اور برآمدات کے ذریعے پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے ایک متفقہ نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا گیا۔