حکومت مجوزہ صنعتی زون کے قیام میں صنعت کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی :وفاقی وزیر جنید انوار
اسلام آباد (یواین پی)وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چودھری نے خوردنی تیل کے صنعتکاروں کو پورٹ قاسم اتھارٹی کے اشتراک سے بندرگاہ پر خوردنی تیل کا صنعتی سٹی قائم کرنے کی پیشکش کی ہے۔پاکستان وناسپتی مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) ہاؤس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا حکومت مجوزہ صنعتی زون کے قیام میں صنعت کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور پورٹ قاسم پر ضروری بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل کی صنعت ملکی محصولات میں اہم حصہ ڈال رہی ہے اور اس شعبے سے درآمدات کی مد میں کسٹمز ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس کی صورت میں خاطر خواہ ریونیو حاصل ہوتا ہے۔محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ حکومت پورٹ قاسم پر صنعتی اور تجارتی زونز قائم کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ساتھ مینوفیکچرنگ اور برآمدات میں اضافہ ہو جاسکے۔