کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے فیصلہ، نواز شریف نے پارٹی پالیسی واضع کردی

کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے فیصلہ، نواز شریف نے پارٹی پالیسی واضع کردی

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کے بعد حکومت سازی کے حوالے سے اہم فیصلے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

 ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے نئی حکومت کے لیے کابینہ کو محدود رکھنے کی پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں کو واضح پالیسی سے آگاہ کر دیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ مہاجرین کی نشستوں پر کامیاب ہونے والے لیگی ارکان اسمبلی کو آزاد کشمیر کابینہ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے قیادت کو تجویز دی تھی کہ مہاجر نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکان کو کابینہ میں شامل کرنے سے ریاستی خزانے پر اضافی مالی بوجھ پڑ سکتا ہے، اسی لیے کابینہ کو مختصر اور مؤثر رکھنے کو ترجیح دی جائے گی۔مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سینئر رہنماؤں اور پارٹی قیادت کے درمیان وزارتِ عظمیٰ اور حکومت سازی کے معاملات پر مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارتِ عظمیٰ کے امیدواروں کے حوالے سے بھی پارٹی کے اندر سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں اور کئی سینئر رہنماؤں نے اس عہدے کے لیے لابنگ شروع کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی حکومت میں پارٹی کے سینئر، تجربہ کار اور متحرک نومنتخب اراکین اسمبلی کو شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ غیر ضروری وزارتوں میں کمی کی جائے گی۔مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور حکومتی کارکردگی بہتر بنانے کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ پارٹی قیادت کا مؤقف ہے کہ محدود اور فعال کابینہ کے ذریعے حکومتی امور کو زیادہ مؤثر انداز میں چلایا جا سکے گا۔واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے سادہ اکثریت حاصل کی ہے، جس کے بعد پارٹی نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے مشاورت کے مرحلے میں ہے۔