گلگت بلتستان میں سیاسی صورتحال میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان اتحاد کی حکومت بننے کا امکان ہے، جو پی ڈی ایم طرز کا ہو سکتا ہے۔حالیہ انتخابات میں کامیابی کے بعد امکان ہے کہ پیپلز پارٹی وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ ن گورنر کے عہدے سنبھالے گی، جبکہ اتحادی حکومت میں وزارتوں کی تقسیم کا فارمولہ 40 اور 60 ہوگا۔اس کے علاوہ، ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں گلگت بلتستان کے انتخابات، آزاد کشمیر کی صورتحال اور قومی اہمیت کے امور پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ بھی شامل تھے۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، شیری رحمان، نوید قمر، سلیم مانڈوی والا، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور راجا پرویز اشرف بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔