جنگ کو وسعت نہیں دینا چاہتا: ایرانی صدر

جنگ کو وسعت نہیں دینا چاہتا: ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جنگ کو جاری رکھنے یا اسے مزید وسعت دینے کا خواہاں نہیں، تاہم ملک اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے گا، لیکن موجودہ حالات میں جنگ کو پھیلانا نہیں چاہتا۔ایرانی صدر نے قومی سلامتی کو اندرونی اتحاد سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ملک کو اپنی داخلی طاقت اور عوامی یکجہتی پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اندرونی اختلافات کا خاتمہ بیرونی مداخلت کے امکانات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق ایک مضبوط اور متحد معاشرہ ہی ملک کو درپیش چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کر سکتا ہے۔مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ ایران کو ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں دشمن کو سماجی تقسیم پیدا کرنے یا ملک کو کمزور کرنے کا موقع نہ مل سکے۔