لاہور: ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس، ایس ایچ او سمیت غازی آباد تھانے کا پورا عملہ معطل

لاہور: ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس، ایس ایچ او سمیت غازی آباد تھانے کا پورا عملہ معطل

لاہور میں اے ایس آئی کی جانب سے ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او غازی آباد سمیت تھانے کے پورے عملے کو معطل کر دیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے رات گئے تھانہ غازی آباد کا دورہ کیا اور کارروائی میں تاخیر، غفلت اور اعلیٰ افسران کو بروقت آگاہ نہ کرنے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او شہریار سمیت تمام اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ایس ایچ او شہریار کی جگہ علی زیب دستگیر کو نیا ایس ایچ او تعینات کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق معطل کیے جانے والوں میں سب انسپکٹرز، 8 اے ایس آئی، 5 ہیڈ کانسٹیبلز، فرنٹ ڈیسک کا عملہ، محرر، ڈرائیورز اور دیگر اہلکار شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 78 پولیس اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق تھانہ غازی آباد میں ایس ایچ او سمیت تمام معطل اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل انویسٹی گیشن ونگ کے اے ایس آئی عمران پر ایک ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کا الزام سامنے آیا تھا، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔ تحقیقات کا عمل جاری ہے۔