حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت بھی کم کر دی گئی ہے۔
اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 58 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 301 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 305 روپے 22 پیسے فی لیٹر تھی۔یاد رہے کہ حکومت نے 4 اگست سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا بھی اعلان کیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 8 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 331 روپے 95 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 2 روپے 45 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 389 روپے 93 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔حکومت کی جانب سے پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو ایندھن کے اخراجات میں جزوی ریلیف ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔