جو لوگ نظام کے خاتمے کی باتیں کر رہے ہیں وہ خود اسی نظام کے ذریعے تیزی سے آگے بڑھے ہیں:وزیراطلاعات پنجاب کی پریس کانفرنس
لاہور(سپیشل رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے شکست خوردہ جماعتیں نتائج تسلیم کرنے کے بجائے انتشار کی سیاست کر رہی ہیں۔لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا خواتین نے بھی پولنگ کے عمل میں بھرپور حصہ لیا، بعض سیاسی جماعتیں گزشتہ18 برس کی اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھنے میں ناکام رہی ہیں۔ پنجاب میں شکست کھانے والے عناصر انتشار اور فساد کی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کو اپنی کارکردگی اشتہارات کے ذریعے بتانا پڑی جب کہ نتائج سے قبل ہی پریس کانفرنسوں کے ذریعے اعتراضات کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔عظمیٰ بخاری نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کو سندھ بنانے کے بجائے آزاد کشمیر بنانے کی بات کر رہے ہیں جو دراصل سندھ حکومت پر چارج شیٹ ہے۔انہوں نے کہا اگر قیادت کی توہین کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا، محسن نقوی کا نام لیے بغیر کہا کہ جو لوگ نظام کے خاتمے کی باتیں کر رہے ہیں وہ خود اسی نظام کے ذریعے تیزی سے آگے بڑھے ہیں۔