سیمنٹ کی فروخت میں 30 فیصد اضافہ، برآمدات میں بھی نمایاں ترقی

سیمنٹ کی فروخت میں 30 فیصد اضافہ، برآمدات میں بھی نمایاں ترقی

جولائی 2025 کے دوران سیمنٹ کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ مجموعی طور پر 3.997 ملین ٹن سیمنٹ فروخت ہوا جو جولائی 2024 کے 3.071 ملین ٹن کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت 2.988 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 2.524 ملین ٹن سے 18.40 فیصد زیادہ ہے۔

برآمدات میں 84 فیصد اضافہ
جولائی 2025 کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں بھی غیر معمولی 84.21 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ گزشتہ سال جولائی میں 0.547 ملین ٹن سیمنٹ برآمد ہوا تھا جبکہ رواں سال یہ حجم بڑھ کر 1.008 ملین ٹن تک پہنچ گیا۔

شمالی علاقوں میں فروخت کا رجحان
شمالی علاقوں میں قائم سیمنٹ فیکٹریوں نے جولائی 2025 کے دوران 2.650 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کیا، جو جولائی 2024 کے 2.253 ملین ٹن کے مقابلے میں 17.61 فیصد زیادہ ہے۔

صنعتی ماہرین کا ردعمل
سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق خراب موسمی حالات کے باوجود سیمنٹ انڈسٹری کے لیے نیا مالی سال مثبت آغاز کے ساتھ شروع ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت میں بہتری کے ساتھ آنے والے مہینوں میں سیمنٹ کی طلب اور پیداوار میں مزید اضافہ متوقع ہے۔