اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات (PBS) نے جولائی اور اگست 2025 کے تجارتی اعدادوشمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں تجارتی خسارے میں 29.01 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعدادوشمار کے مطابق جولائی اور اگست میں تجارتی خسارہ 6 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گیا۔ اگست میں سالانہ بنیاد پر تجارتی خسارہ 30.13 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب 86 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز رہا، جبکہ ماہانہ بنیادوں پر خسارے میں 8.81 فیصد کمی دیکھی گئی۔رپورٹ کے مطابق، رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں درآمدات میں 14.23 فیصد اضافہ ہوا اور جولائی و اگست میں درآمدات کا حجم 11 ارب 11 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہا۔ صرف اگست میں درآمدات 5 ارب 28 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہیں۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ برآمدات میں صرف 0.65 فیصد اضافہ ہوا اور رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں برآمدات 5 ارب 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز رہیں۔ اگست میں سالانہ بنیاد پر برآمدات میں 12.49 فیصد کمی ہوئی جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 9.98 فیصد کمی دیکھی گئی، اور اگست میں برآمدات کا حجم 2 ارب 41 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز رہا۔