342 شہداء کی قربانیوں کو خراج، ورثاء کی فلاح کو اولین ترجیح:بلال صدیق
لاہور (کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر گزشتہ روز یہاں جاری اپنے پیغام میں لاہور پولیس کے شہید افسران اور اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے شہدائے پولیس ہمارا فخر اور اعزاز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 4 اگست کا دن شہدائے پولیس کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس کی تاریخ جوانوں کی قربانیوں سے مزین ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے 342 شہداء نے وطن پر اپنی جانیں نچھاور کی ہیں۔ سی سی پی او نے کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کے تحفظ میں فرنٹ لائن محافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی یادیں ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ آج شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ تجدیدِ عہد کا دن ہے، پولیس شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی اور پولیس ہیروز کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سی سی پی او نے کہا کہ محکمہ پولیس نے شہدائکے ورثاء کی دیکھ بھال کو ہمیشہ اولیت دی ہے، شہداء کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمارا ہر جوان عوام کی جان، مال اور عزت کی حفاظت کیلئے شوقِ شہادت سے سرشار ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے شہداء کو اپنی دعاؤں میں ہمیشہ یاد رکھیں۔