لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر پنجاب بھر میں فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کی چیکنگ کے لیے شروع کی گئی خصوصی مہم مکمل کر لی گئی، جس کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق 4 ہزار 812 فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کی جانچ پڑتال کی گئی، صفائی کے ناقص انتظامات اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 16 معروف فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس سیل کر دیے گئے۔ذرائع کے مطابق قوانین کی خلاف ورزی پر 710 ریسٹورنٹس کو 91 لاکھ روپے سے زائد جرمانے کیے گئے۔ دورانِ چیکنگ 760 لٹر ناقص آئل، 534 کلو گرام ایکسپائر اشیاء اور 106 لٹر غیر معیاری کولڈ ڈرنکس و جوسز تلف کیے گئے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 2 ہزار 686 ریسٹورنٹس کو بہتری کے لیے اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے۔ متعدد جگہوں پر کچن ایریاز میں کاکروچ، مکھیوں اور مچھروں کی بھرمار پائی گئی، جبکہ نان فوڈ گریڈ سرف سے برتن دھونے، فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹ، ٹریننگ کی عدم موجودگی اور فریزرز کی خراب حالت بھی سامنے آئی۔