یمن کے ساحل پر گزشتہ روز پیش آنے والے کشتی حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 68 ہوگئی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں تقریباً 150 افراد سوار تھے، جو مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن تھے۔ حادثے میں اب تک 68 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جب کہ 74 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 25 ایتھوپین شہری بھی شامل ہیں جن کی لاشیں یمن کے مختلف شہروں کے ساحلوں پر پائی گئیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجہ خراب موسم اور سمندر میں اونچی لہریں تھیں، جنہوں نے کشتی کو الٹ دیا۔ ریسکیو ٹیموں نے بتایا کہ محدود وسائل کے باوجود لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل جاری رکھا جا رہا ہے، تاہم خراب موسم رکاوٹ بن رہا ہے۔یہ حادثہ یمن کے ساحلی علاقے میں پیش آنے والے ان متعدد واقعات میں سے ایک ہے، جہاں افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن غیر قانونی طریقے سے خلیجی ممالک میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔