پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں پاکستانی حکومت، عوام اور قیادت کا ایرانی صدر کے حالیہ دورۂ پاکستان کے دوران شاندار میزبانی پر تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
ایرانی سفیر نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا کردار اس اہم دورے کو یادگار اور تاریخی بنانے میں غیر معمولی رہا۔ انہوں نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایوانِ صدر میں ایرانی وفد کی میزبانی کی۔رضا امیری مقدم نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی موجودگی اور تعاون کو بھی سراہا، جو اس اعلیٰ سطح کے دورے کی کامیابی کے لیے نہایت اہم تھا۔ انہوں نے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور دفترِ خارجہ کی ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے اس دورے کو اعلیٰ ترین سطح پر منظم کیا۔مزید برآں، ایرانی سفیر نے نواز شریف اور وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا لاہور میں شاندار میزبانی پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے وفاقی وزرا ریاض حسین پیرزادہ، خواجہ محمد آصف، جام کمال خان، عبدالعلیم خان، محمد رضا حیات ہراج اور عطا اللہ تارڑ کی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے 12 اہم مفاہمتی یادداشتوں کو حتمی شکل دینے میں کردار ادا کیا۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور ایران کے گہرے تاریخی، ثقافتی اور اسٹریٹجک تعلقات ہیں اور اس دورے کے دوران تجارت، انفرا اسٹرکچر اور ثقافت سمیت کئی شعبوں میں معاہدے کیے گئے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔آخر میں انہوں نے نعرہ لگایا: "ایران پاکستان دوستی زندہ باد، پائندہ باد"۔