نئے گیس کنکشن والوں کے لیے سستی آر ایل این جی فراہم کرنے کا فیصلہ

نئے گیس کنکشن والوں کے لیے سستی آر ایل این جی فراہم کرنے کا فیصلہ

حکومت نے گھریلو اور تجارتی شعبے میں نئے گیس کنکشن حاصل کرنے والوں کو درآمد شدہ آر ایل این جی (ریگیسفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس) فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو ایل پی جی کے مقابلے میں 31.25 فیصد سستی ہوگی۔

اس فیصلے کے مطابق نئے گیس صارفین کو موجودہ گھریلو صارفین کے مساوی نہیں سمجھا جائے گا۔ موجودہ گھریلو صارفین کے لیے گیس کے نرخ 12 مختلف سلیب کیٹیگریز کے تحت مقرر ہیں، جبکہ نئے صارفین کے لیے درآمد شدہ آر ایل این جی فراہم کی جائے گی۔سرکاری ذرائع کے مطابق، پاکستان اس وقت آر ایل این جی کی اضافی مقدار کا سامنا کر رہا ہے، جسے استعمال میں لانے کے لیے حکومت نے 2021 سے عائد گیس کنکشنز پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آر ایل این جی پائپ کے ذریعے فراہم کی جائے گی اور اس کی قیمت 3300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگی، جو ایل پی جی کی موجودہ قیمت 4800 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے 1500 روپے کم ہے۔ اس اقدام سے گھریلو صارفین کو نہ صرف کم لاگت پر توانائی دستیاب ہوگی بلکہ ناقص معیار کے ایل پی جی سلنڈرز کے خطرات سے بھی بچاؤ ہوگا۔

وزیراعظم نے اصولی طور پر اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے جبکہ کابینہ کمیٹی برائے توانائی (سی سی او ای) سے باضابطہ منظوری کے بعد ایک میڈیا مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ عوام کو ایل پی جی کے بجائے آر ایل این جی کے استعمال پر راغب کیا جا سکے۔