پنجاب کے 40 ریلوے سٹیشنوں پر مفت وائی فائی سروس فراہم کرنے کافیصلہ

پنجاب حکومت پاکستان ریلوے میں 350 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گی تاکہ صوبے بھر میں آٹھ برانچ روٹس کو بہتر بنایا جا سکے
حکومت ریلویز میں گورننس کو بہتر بنانے اور جدید نظام متعارف کرانے پر  توجہ دے رہی ہے:حنیف عباسی کی نجی ٹی وی سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پنجاب ریلوے اسٹیشن کو مفت وائی فائی سروس دینے کا اعلان کیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا  حکومت ریلویز میں گورننس کو بہتر بنانے اور جدید نظام متعارف کرانے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت پاکستان ریلوے میں 350 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گی تاکہ صوبے بھر میں آٹھ برانچ روٹس کو بہتر بنایا جا سکے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ پنجاب کے 40 ریلوے سٹیشنوں کو مفت وائی فائی سروسز سے لیس کیا جائے گا جبکہ مختلف ریلوے روٹس کو اپ گریڈ کرنے کیلئے اسی طرح کے تعاون کیلئے سندھ حکومت کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک بار آپریشنل ہونے کے بعدML-1  سے عوام کو کافی فائدہ پہنچے گا جبکہ اسی طرح ML-2 میں سرمایہ کاری کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔