لاہور میں تیز ہوائوں کیساتھ موسلادھار بارش، ایک شخص جاں بحق،4 زخمی تونسہ میں سیلاب‘نقل مکانی

 بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا، سڑکوں پر گاڑیاں بند ہوتی رہیں،کئی علاقوں میں  بجلی بند رہی‘آج سے مون سون کا چھٹا سپیل
 چائنہ سکیم کے علاقہ سی بلاک میں سائن بورڈ گر نے سے ایک شخص  دم توڑ گیا‘ بادامی باغ  میں گھر کی چھت گرنے سے 4افراد زحمی ہوگئے

 لاہور‘اسلام آباد(خصوصی رپورٹر‘ایجنسیاں) لاہور میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سائن بورڈ اور چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 4زخمی ہو گئے، بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز  لاہور کے مختلف علاقوں مال روڈ، ہال روڈ، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، مزنگ، قرطبہ چوک، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، کینال روڈ، ملتان روڈ، چوبرجی، سمن آباد، گلبرگ سمیت دیگر علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اڑھائی گھنٹے کے دورانیہ میں اوسطاً40.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔موسلا دھار بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، کئی اہم شاہراہوں پر بھی بارش کا پانی کھڑا ہو گیا جس کی وجہ سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہوتی رہیں‘چائنہ سکیم کے علاقہ سی بلاک میں سائن بورڈ گر نے سے ایک شخص موقع پر دم توڑ گیا۔ بادامی باغ عثمان چوک میں گھر کی چھت گرنے سے 4افراد ملبے تلے دب  کر زخمی ہو گئے‘محکمہ موسمیات نے  آج سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں، تیز ہواوں اور گرج چمک کے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے، مون سون کا چھٹا سپیل پہلے سے موجود سیلابی صورت حال کو مزید سنگین بنا سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں کمزور مون سون ہوائیں داخل ہو گئی ہیں، جن کی شدت آج سے بڑھنے کا امکان ہے، ادھر  دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا اور دریا کنارے کچے کے علاقے میں مزید دو بستیاں اور فصلیں زیر آب آگئیں۔سیلاب متاثرین کی کشتیوں کے ذریعے نقل مکانی جاری ہے