پاک‘ایران رابطے علاقائی استحکام کیلئے خوش آئند ہیں:ایازصادق

 اسلام آباد(آئی این پی )چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی  اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ہے جس میں پاک، ایران پارلیمانی تعاون، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں پاکستانی رہنمائوں نے ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا۔سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ایران بھائی چارے، تاریخ، ثقافت اور ہمسائیگی کے لازوال رشتوں میں بندھے ہیں۔ دونوں ممالک کے اعلی سطح پر رابطے علاقائی استحکام کے لیے خوش آئند ہیں اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن خطے کی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان میں ملنے والی محبت اور خلوص ہمیشہ یاد رہے گا۔انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اخوت کی بہترین مثال قائم کی اور اس کے واضح موقف نے ایرانی قوم کے دل جیت لیے ہیں۔انہوں نے اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران اسے کبھی فراموش نہیں کرے گا۔