44 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کے معاہدے خوش آئند ہیں چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کاساتھ دیا شہبازشریف

اسلام آباد نے ایران امریکہ  کے درمیان بہترین ثالث کا کردار  ادا کیا ‘   امن کیلئے فیلڈ مار شل کی انتھک کاوشیں تاریخ میں   سنہری  الفاظ میں  لکھی جائیں  گی: سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب 
کاروبار میں آسانی کیلئے اصلاحات میں تیزی لائی جائے:اجلاس سے خطاب‘ دنیا بھر میں پاکستانی طلبہ  اپنی صلاحیتوں سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں:اوورسیزطلباء سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد (آن لائن)  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے   پاکستان اور چین کے درمیان چوالیس کروڑ  ڈالرز  سے زائد مالیت کے معائدے خوش آئند ہیں ۔   بیجنگ  پاکستان  قابل اعتماد اور مخلص  دوست ہے ۔  اسلام آباد نے ایران امریکہ  کے درمیان بہترین ثالث کا کردار  ادا کیا ۔  خطے میں امن کے لئے فیلڈ مار شل کی انتھک کاوشیں تاریخ میں  ہمیشہ  سنہری  الفاظ میں  لکھی جائیں  گی ۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے فارماسیوٹیکل  کے  شعبے میں پاک چین بی  ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس سے  خطاب کرتے ہوئے  کیا ۔۔  انہوں نے  چین کو  پاکستان کا قابل اعتماد اور مخلص  دوست قرار  دیتے ہوے کہا  چین نے ہرمشکل گھڑی میں پاکستان  کا ساتھ دیا ۔   انہوں نے کہا میرا حالیہ دور چین انتہائی کامیاب اور خوشگوار  رہا ۔  پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے اپنے خطاب  میں کہا   پاکستان میں مختلف ترقیاتی اور سرمایہ کاری منصوبوں پر تعمیراتی کام جاری ہے، جن کی تکمیل سے 20 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جو ملک کی معاشی  سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔دریں اثناء  وزیراعظم محمد شہباز شریف  سے  اْڑان اوورسیز پاکستان سمر اسکالرز پروگرام  کے تحت پاکستان آنے والے اوورسیز پاکستانی طلبہ و طالبات نے ملاقات کی۔ یہ اسکالرز وزارتِ منصوبہ بندی و ترقیات کے زیر اہتمام پاکستان کو درپیش قومی چیلنجز پر تحقیق کے لیے چھ ہفتوں کی انٹرن شپکر رہے ہیں۔وزیراعظم نے دنیا کی ممتاز جامعات میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ کے پاکستان میں انٹرن شپ پروگرام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ  قومی ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے  اور دنیا بھر میں پاکستانی طلبہ و طالبات اپنی صلاحیتوں سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں‘علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کاروبار میں آسانی کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومت کی جانب سے کیے جانے والے پالیسی اقدامات اور آسان کاروبار ایکٹ 2025 کے نفاذ کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کاروبار میں آسانی کے اقدامات کی افادیت اور ان کے عملی نفاذ کی جانچ کے لیے بین الاقوامی اداروں سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی یقینی بنائی جائے۔شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ کاروبار میں آسانی کے لیے کیے گئے پالیسی اقدامات پر جامع رپورٹ جلد از جلد تیار کرکے پیش کی جائے۔ انہوں نے وزارت قانون و انصاف، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل  ، سرمایہ کاری بورڈ، وزارت تجارت، وزارت صنعت اور دیگر متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں لائق تحسین قرار دیا