شہر کی اوپن مارکیٹ میں مہنگائی نے شہریوں کی کمر توڑ دی ہے اور سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے، جس کے باعث لوگ روزمرہ ضروریات کی اشیاء زیادہ قیمتوں پر خریدنے پر مجبور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 596 روپے فی کلو مقرر ہے، مگر مارکیٹ میں یہ 630 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ برائلر کے فارم ریٹ 383 روپے فی کلو ہونے کے باوجود مارکیٹ میں یہ قیمت 410 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ مرغی فروش کہتے ہیں کہ جب زندہ برائلر ہی سرکاری نرخ پر دستیاب نہیں تو گوشت سرکاری قیمت پر فروخت کیسے ہو سکتا ہے۔اسی طرح انڈوں کی قیمت میں بھی بتدریج اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور فی درجن انڈے کی قیمت 232 روپے تک جا پہنچی ہے۔
شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ماہرین کے مطابق اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کی یہ صورتحال سپلائی چین میں خلل، اضافی ٹرانسپورٹ اخراجات اور کم دستیاب وسائل کی وجہ سے پیدا ہو رہی ہے، اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔