تعلیمی بورڈز میں اہم انتظامی عہدوں پر انٹرویو ز مکمل

 ایک ہزار سے زائد امیدواروں کی درخواستیں جمع،264 کے انٹرویوز 
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز میں اہم انتظامی عہدوں پر تعیناتیوں کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، تاہم حتمی تقرریاں امتحانات کے بعد کی جائیں گی۔ تفصیل کے مطابق لاہور میں محکمہ ہائر ایجوکیشن نے پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز میں چیئرمین اور دیگر انتظامی افسران کی تعیناتیوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا ہے۔حکام کے مطابق تمام عہدوں پر تعیناتی ایک ہی مرحلے میں کی جائے گی تاکہ انتظامی امور میں بہتری لائی جا سکے۔چیئرمین کے عہدوں کے لیے انٹرویوز کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ صوبے کے 9 تعلیمی بورڈز کے لیے مجموعی طور پر 264 امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میرٹ کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب یقینی بنایا جا رہا ہے۔محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے کنٹرولرز اور سیکریٹریز کی اسامیوں کے لیے بھی انٹرویوز کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔اس حوالے سے امیدواروں کی درخواستوں کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔مختلف انتظامی عہدوں کے لیے ایک ہزار سے زائد امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائی ہیں، جس کے باعث مقابلہ سخت ہونے کا امکان ہے۔حکام کے مطابق شفاف اور میرٹ پر مبنی تعیناتیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔