بلوچستان :بارشوں سے مزید3بچے جاں بحق ، متعدد افرادزخمی

مری میں شدید بارش، ڑالہ باری،گھروں کی دیواریں گرنے کی اطلاعات
لاہور میں جوہر ٹاؤن،رائیونڈ روڈ ، جیل روڈ اوردیگر علاقوں میں بارش
 مری ،کوئٹہ، لاہور(خصوصی رپورٹ)گزشتہ روز لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی۔بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید3اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 9ہوگئی۔ محکمہ پی ڈی ایم اے بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڑوب، دکی اور لورالائی میں تین بچوں کی ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں، جن میں ڑوب اور دکی میں چھت گرنے جبکہ لورالائی میں ایک،ایک بچہ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوا۔ اسی دوران لورالائی اور ڑوب میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، جہاں دیوار اور چھت گرنے کے واقعات پیش آئے۔مری اور گردونواح میں شدید بارش، ڑالہ باری اور تیز ہواؤں کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئے ،مختلف علاقوں میں آندھی کے باعث متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ، بارش اور تیز ہواؤں کے باعث کئی مقامات پر گھروں کی دیواریں بھی گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، تاہم کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ جوہر ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، ویلنشیا ٹاؤن اور ٹھوکر نیاز بیگ کے اطراف میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی،رائیونڈ روڈ ، جیل روڈ ، مولانا شوکت علی روڈ اور اطراف میں موسلادھار بارش ہو ئی۔